ولید بن طلال کا نیوزی لینڈ سانحہ میں شہدا کے ورثا کیلئے 10 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

Last Updated On 25 March,2019 08:40 am

کرائسٹ چرچ، ریاض: (روزنامہ دنیا) سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید اردن کے شہری کی والدہ بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہ کرسکیں اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔

نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق 38 سالہ کامل درویش کی تدفین میں شرکت کے لیے ان کی 64 سالہ والدہ جمعہ کے دن نیوزی لینڈ پہنچی تھیں لیکن نماز جنازہ سے قبل ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔ اخبار کے مطابق اردن کے سفارتخانے نے فسلطینی نژاد اردنی شہری کامل درویش کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ خاتون کی میت کو اردن منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

مقامی اخبار کے مطابق کامل درویش چھ ماہ قبل ہی نیوزی لینڈ آئے تھے۔ اردن میں ان کے تین بیٹے اور بیوہ موجود ہیں۔ ڈیری فارمنگ کے شعبے سے وابستہ کامل درویش اپنے بھائی کے ساتھ کام کرنے کے ارادے سے آئے تھے۔ شہادت سے قبل انہوں نے بیوی بچوں کے ویزے کے لیے درخواست بھی جمع کرائی تھی۔

ادھر سعودی شہزادے ولید بن طلال نے نیوزی لینڈ سانحہ میں شہدا کے اہل خانہ کے لئے 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات الولید ادارہ برائے انسانی امداد نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہی۔ اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا۔ شہزادہ ولید بن طلال نے امدادی رقم کے اعلان کے ساتھ لواحقین سے اظہار تعزیت اور متوفین کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔
 

Advertisement