اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو ٹیلی فون کر کے کرائسٹ چرچ میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا جسینڈا آرڈرن نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحان کیخلاف دیگر عالمی رہنماؤں کو درست سمت دکھائی، پاکستانی قوم سانحہ کے بعد آپ کے اقدامات، قائدانہ فیصلوں کی معترف ہے، پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 70 ہزار جانیں قربان کر چکا ہے، پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے عمران خان کو واقعے کے بعد نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا خودکار اور نیم خودکار رائفلز، فوجی طرز کے اسلحہ پرمکمل پابندی لگا دی ہے، سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ شدید صدمے میں تھا، پاکستانیوں کی قربانیوں کی قدر اور نعیم رشید کے بہادری کو سراہتے ہیں، نیوزی لینڈ میں مقیم تمام مسلمانوں کو تحفظ اورآزادی کا یقین دلاتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔