اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپوزیشن رہنماؤں کو شہباز شریف کے چیمبر میں بریفنگ دینے اور ایوان کو اعتماد میں لینے پر رضامند، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر بھی بات چیت آگے بڑھائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو نیشنل ایکشن پلان پر اجلاس کے لئے اپوزیشن سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ حکومت دفتر خارجہ کے بجائے اپوزیشن لیڈر چیمبر اور ایوان میں بھی بریفنگ پر آمادہ ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اجلاس کے حوالے سے اپوزیشن کے تحفظات دور کئے جائیں، فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر بھی بات چیت آگے بڑھائیں جبکہ اپوزیشن رہنما جہاں چاہیں انہیں بریفنگ دی جائے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزیرِ خارجہ نے اپوزیشن کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر میں بریفنگ دینے کو تیار ہیں۔ اگر اپوزیشن کہے تو پارلیمانی رہنماؤں کے علاوہ پورے ایوان کو بھی بریفنگ دیں گے۔