اسلام آباد: (دنیا نیوزز) وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا دوبارہ اعادہ کیا ہے کہ کسی مسلح گروپ کو پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت قومی داخلی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں معاونت کیلئے ایکسپرٹ ورکنگ گروپس قائم کئے جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام رکاوٹیں دور کر کے نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل کرے گی۔ ہم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت قربانیاں دیں۔ پاکستان کی سرزمین کسی مسلح گروپ کو دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حکومت نے دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے حوالہ اور ہنڈی کے قانون سخت کر دیے ہیں۔
اجلاس میں ایکسپرٹ ورکنگ گروپس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جو نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کام کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف اجلاس کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں سائبر سیکیورٹی، منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات اور مدرسہ اصلاحات کا بھی جائزہ لیا گیا۔