لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ مارا، نون لیگی کارکن ڈھال بن گئے۔ وارنٹ لے کر پہنچنے والے نیب حکام مزاحمت پر حمزہ شہباز کو گرفتار کئے بغیر ہی واپس چلے گئے۔
نیب کی ٹیم حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے لاہور ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کے گھر پہنچی، ان کے پاس حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے لیکن سکیورٹی گارڈز نے نیب ٹیم کو گھر میں داخلے سے روک دیا۔ نیب ٹیم اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ لیگی کارکنوں نے گاڑیوں کا گھیراؤ کر کے نعرے بازی کی۔
نیب کی ٹیم کچھ دیر تک شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر موجود رہی اور مزاحمت ہونے پر واپس چلی گئی۔ نیب اعلامیے کے مطابق حمزہ شہباز کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا۔ نیب ٹیم کو باقاعدہ زدوکوب اور جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی گئی۔ نیب کے مطابق حمزہ شہباز کی گرفتار ی کے وارنٹ موجود تھے، نیب کو کسی ملزم کی گرفتاری سے قبل آگاہ کرنا ضروری نہیں۔
حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، نیب حمزہ شہباز کی گرفتاری عمل میں لائے گا۔ نیب کی قانونی کارروائی میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف بھی قانون حرکت میں آئے گا۔
ترجمان مسلم لیگ ن ملک احمد خان کا کہنا ہے نیب نے بغیر سرچ وارنٹ چھاپہ مارا ہے، حکومت نے بہت غلط کام کیا، حکومت نے پورے ملک کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا ہے، اپوزیشن لیڈر کے گھر پر چھاپہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کے گھر پر نیب کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا نیب نے پیشگی اطلاع کے بغیر اپوزیشن لیڈر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے، کرپشن کا کوئی الزام اب تک ثابت نہیں ہوا، عدالتی حکم کی پیروی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا حمزہ شہباز عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، گرفتاریاں صرف لیگی رہنماؤں کیلئے ہیں ؟ گرفتاری سے پہلے اطلاع کیوں نہیں دی جاتی ؟۔
طلال چودھری کا کہنا تھا لیگی رہنما پیشیاں بھگت رہے ہیں، حکمران چاہتے ہیں ان کیخلاف کوئی آواز نہ اٹھائے، حکمران جان بوجھ کر تماشہ لگا رہے ہیں، حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کی وجہ کیا ہے ؟ انہوں نے کہا شہباز شریف کو اتنی دیر جیل میں رکھنے کا ذمہ دار کون ہے ؟ وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اپنی کارکردگی کا جواب نہیں، حکومت کو 5 سال تو کیا 5 ماہ نہیں گزارنے دیں گے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا ہے نیب آزاد ادارہ ہے، نیب پنجاب یا مرکزی حکومت کے ماتحت نہیں، نیب کیسز میں ضمانتیں بھی شریف فیملی کو ہی مل رہی ہیں، دوسرے کسی رہنما یا جماعت کو کیوں نہیں مل رہی ؟ انہوں نے کہا حمزہ شہباز کی زندگی کو خطرہ ہوتا تو حکومت پنجاب تحفظ دیتی، اسی طرح اگر نیب کی ٹیم کو خطرہ ہوگا تب بھی حکومت پنجاب تحفظ دے گی۔