لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری میں ناکامی پر نیب کے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق حمزہ کے سیکیورٹی گارڈز نے غنڈہ گردی کی، نیب اہلکاروں پر تشدد کیا، کپڑے پھاڑ ڈالے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ن لیگی رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے جانے والی ٹیم کے پاس وارنٹ گرفتاری موجود تھے، کسی ملزم کی گرفتاری سے قبل آگاہ کرنا ضروری نہیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ نیب کے پاس منی لانڈرنگ کیس میں ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
اعلامیے کے مطابق حمزہ شہباز کے سیکیورٹی گارڈز نے غنڈہ گردی کی، اہلکاروں پر تشدد کیا، کپڑے پھاڑے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ نیب کی قانونی کارروائی میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔