لاہور: (دنیا نیوز) نیب حکام نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے محافظوں کے خلاف لاہور ماڈل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، تشدد اور اسلحہ تاننے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
مقدمہ نیب کے ڈرائیور ممتاز حسین کی مدعیت میں حمزہ شہباز کے ذاتی گارڈ کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق نیب کی جانب سے ملزم حمزہ شہباز ولد شہباز شریف کے گھر گرفتاری کے لیے نیب افسران کے ہمراہ چھاپہ مارا، چھاپہ کے دوران حمزہ شہباز کے گارڈ نے اسلحہ تان لیا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کے گارڈز نے نیب ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑی سے اتار کر زدو کوب کیا۔ نیب حکام نے واقعے کے خلاف گزشتہ روز درخواست جمع کروا دی تھی جس پر آج باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا۔