لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کے خلاف گٹھ جوڑ کے لئے اپوزیشن نے رابطے تیز کر دیئے۔ مولانا فضل الرحمان نے جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں حکومت مخالف تحریک کے ابتدائی خدوخال پر بات چیت کی گئی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن جاتی امراء پہنچے، ملاقات میں مولانافضل الرحمن نے نواز شریف کی صحت کے متعلق دریافت کیا۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کو اپنے علاج کے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، نیب کیسز سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں حکومت مخالف تحریک کے ابتدائی خدوخال پر بھی بات چیت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو آصف زرداری ملاقات کا احوال پہنچایا، فضل الرحمن اور نواز شریف کے درمیان ملاقات ناشتے کی ٹیبل پر جاری ہے۔
لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جب 2 رہنما بیٹھتے ہیں تو سیاسی باتیں بھی ہوتی ہیں، پاکستانی معیشت ہچکولے کھا رہی ہے، ملک کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر سب ایک پیج پر تھے، آج یا کل آصف زرداری سے بھی ملاقات ہوگی، موجودہ وزیراعظم جعلی اور خلائی قسم کے ہیں، ملک میں مہنگائی اور معیشت کی صورتحال پر تشویش ہے۔
سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) فضل الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت مخالف تحریک کیلئے نواز شریف سے حتمی رائے نہیں لی، پارٹی لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ نواز شریف نے کرنا ہے، نیب سے متعلق سخت فیصلے لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا عمران خان ہماری فکر چھوڑیں، اپنے خاتمے کی فکر کریں، نواز شریف کا موڈ بہت اچھا تھا، مطمئن ہو کر اٹھا ہوں، آج یا کل آصف زرداری سے بھی ملاقات ہوگی۔