پشاور: (دنیا نیوز) پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی۔ پشاور میں تین افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہو گئے۔ تیز ہواؤں سے بی آر ٹی سٹیشن کی سیلنگ بھی اڑ گئیں۔
آندھی اتنی تیز تھی کہ مختلف علاقوں میں نا صرف گھروں کی چھتیں اڑ گئیں بلکہ کئی جگہ پر دیواریں اور درخت بھی گر گئے۔ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں ہونے والے ان حادثات میں تین افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہوئے۔ سترہ زخمیوں کو کے ٹی ایچ، تیرہ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور بارہ زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ان کے پاس سترہ زخمی لائے گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کا نام جہانزیب ہے۔
طوفان سے یونیورسٹی روڈ کے قریب بی آر ٹی سٹیشن کی سیلنگ بھی اڑ گئیں۔ دوسری جانب تیز ہواؤں سے درخت اکھڑنے اور تاریں گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
ترجمان پیسکو کے مطابق آندھی اور طوفان سے 191 فیڈرز پر بجلی متاثر ہوئے جن میں سے اکیس فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ باقی 171 فیڈرز پر بھی بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔