کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں طوفانی ہواؤں نے آفت مچا دی، مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ تیز ہواؤں نے درخت اور بجلی کے پول اکھاڑ دیئے، کئی علاقوں میں گھنٹوں تک بجلی غائب رہی۔
کراچی میں آج بھی گرد آلود ہواؤں کا راج ہے، شہر میں جگہ جگہ درخت گرے پڑے ہیں، تیز ہواؤں کے باعث دو تلوار چوک کے قریب بجلی کا پول سڑک پر گرگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، مزار قائد کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
کورنگی ڈھائی نمبر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ گلبہار حاجی مرید گوٹھ میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس سے 5 سالہ بچی کی زندگی کا چراغ گل ہوگیا۔
کورنگی میں تیز ہواؤں کے باعث گاڑی چڑھائی پر الٹ گئی تاہم خاتون محفوظ رہی۔ ٹیپو سلطان سگنل کے قریب سکول کا شیڈ گرنے سے 5 بچے معمولی زخمی ہوئے۔ تیز ہواؤں سے کئی علاقوں میں بجلی کی تار ٹوٹ گئے جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہے۔
تیز ہوا کے ساتھ ہلکی بارش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ سڑکوں پر نکلنے والے موٹر سائیکل سوار پھسلتے رہے تو گھروں میں بیٹھے شہری گرمی میں بجلی سے محروم ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ایران سے بارش کا نیا سسٹم داخل ہوا ہے جس کے تحت مزید 2 روز بارشوں اور طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔