کراچی: (دنیا نیوز) احتساب عدالت کراچی میں آغاسراج درانی کی پیشی کے موقع پر جیالے وکیل اور پولیس اہلکاروں میں تلخ کلامی ہوئی۔ عدالت نے سماعت کے بعد سراج درانی کو 26 اپریل تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا.
احتساب عدالت کراچی میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی سماعت ہوئی۔ سماعت سے قبل سرفراز نامی جیالے وکیل کو پولیس نے نیب کورٹ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ سماعت کے دوران نیب حکام نے 15 دن کا ریمانڈ مانگا تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے 26 اپریل تک جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
قبل ازیں پولیس اہلکاروں سے جھڑپ کے دوران ایک جیالے وکیل نے الزام عائد کیا کہ پولیس نےعدالت میں داخل ہونے کے دو ہزار روپے رشوت مانگے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ وکیل نہیں کارکن بن کر آتا ہے۔ عدالت کے اندر نعرے بازی کرنے کی وجہ سے جج نے پابندی لگا رکھی ہے۔