اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں میئر کراچی وسیم اختر اور لیاقت جتوئی کے خلاف بھی انکوائری جبکہ سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران قریشی کیخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مشتبہ رقوم کی منتقلی پر سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، مئیر کراچی وسیم اختر اور سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی کے خلاف نئی تحقیقات کی منظوری دیدی گئی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نیب اجلاس میں سابق مشیر ہوا بازی مہتاب عباسی، سابق وزیر صحت گلگت بلتستان اور سابق چیئرمین سی ڈی اے کیخلاف خلاف بھی ریفرنسز دائر کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
نیب اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ نے تین ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی۔ پہلا ریفرنس سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران قریشی اور دیگر کے خلاف دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پر اسلام آباد کے سیکٹر ایف الیون میں پلاٹ کی غیر قانونی بحالی کا الزام ہے۔
دوسرا ریفرنس سابق مشیر ہوا بازی مہتاب عباسی، سابق چیئرمین پی آئی اے مشرف رسول اور دیگر کیخلاف دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پر خلاف قواعد چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کا الزام ہے۔
تیسرا ریفرنس سابق وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبار خان اور سابق کنزرویٹر جنگلات گلگت محمد زمرد خان اور دیگر کیخلاف دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پر خلاف قانون جنگلات کی کٹائی اور نقل وحمل کے پاسز جاری کرنے کا الزام ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہم میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔