اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہلی کی درخواست پر تحریک انصاف کی تین خواتین ارکان قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے تحریک انصاف کی خواتین ارکان قومی اسمبلی کے خلاف ن لیگ کے ایم این ایز کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل احمد رضا قصوری نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے جواب طلب کیا تھا مگر درخواست گزار جواب دینے سے گریزاں ہے، دو ارکان کی دوہری شہریت ہے جبکہ تیسری رکن نے ہائی کورٹ میں غلط معلومات دیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھیں۔ تاشفین صفدر نے بھی دوہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائی ہیں جبکہ کنول شوزب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی پر غلط بیانی کی۔ آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت ممبران کو نااہل کیا جائے۔ عدالت عالیہ نے تینوں ارکان قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔