کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک لوٹنے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے. وہ نیا پاکستان منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے. اس سے قبل جب وہ سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچے تو گورنر امان اللہ خان اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی اظہار ہمدردی کا اظہار کیا.
وزیراعظم نے کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایلیٹ کلاس کیلئے رہ گیا ہے۔جو پہلے موٹر سائیکل چلاتا تھا وہ اب گاڑی پر آ گیا ہے۔ پہلے بڑا ڈاکو جیل میں نہیں اسمبلیوں میں نظر آتے تھے۔ پہلی بار ڈاکووں پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے۔ملک لوٹنے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔ گزشتہ حکمران سمجھتے تھے کہ بلوچستان کے بغیر الیکشن جیت سکتے ہیں، جو سابقہ حکومتیں کر گئیں وہ دشمن بھی نہ کرے، ملک کو لوٹ کر مقروض کر دیا گیا۔ 2 ہزار ارب قرضوں کی قسطوں میں چلا جاتا ہے۔ یہ قرضے اتر جائیں گے تھوڑا مشکل وقت ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف اور زرداری نے پیسہ لوٹ کر باہر بھیجا، ہمیں ہر روز نئی چیز مل رہی ہے، اسی لئے یہ ڈرے ہوئے ہیں اور روز کہتے ہیں عمران خان کی حکومت کو گراو۔ ان دو جماعتوں نے جو ملک کے ساتھ کیاوہ کسی نے نہیں کیا۔ فضل الرحمن کی سیاست میں مثال کرکٹ کے بارہویں کھلاڑی کی ہے۔
تقریب کے دوران وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں، صوبے کے ماضی کے حل طلب دیگر مسائل بھی حل کریں گے، ہم نے ملک کا وقار بڑھانا ہے، مشکلات سے نبرد آزما ہونا بڑا چیلنج ہے۔ صوبے میں نوجوانوں کے پاس نہ نوکری ہے اور نہ ہی رہائش، بلوچستان کےعوام پرامید ہیں کہ اب ان کے مسائل حل ہوں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور دہشتگردی کے واقعات میں شہدا کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔ وزیراعظم نے ہزارہ برادری کو ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔