سکھر: (دنیا نیوز) نوڈیرو ہاؤس سے بے نامی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار عبدالنعیم بھٹو کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے ملزم کا پانچ روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا، ملزم کو اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔
نیب ٹیم کی جانب سے گذشتہ روز نوڈیرو ہاؤس سے گرفتار ملزم عبدالنعیم بھٹو کو آج نیب کے اہلکاروں نے سخت پہرے میں سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا تاہم احتساب عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث اسے سیشن کورٹ سکھر لے جایا گیا جہاں پر اسے سیشن جج محمد امجد بوھیو کی عدالت میں پیش کیا جہاں پر نیب کی ٹیم نے عدالت سے ملزم کا راہداری ریمانڈ دینے کی درخواست دی جو کہ عدالت نے منظور کرتے ہوئے نیب کو اس کا 5 روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا۔
ملزم کو آج پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد لے جایا جائے گا جہاں پر اس سے تفتیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ملزم کی گرفتاری گذشتہ روز نوڈیرو ہاؤس سے عمل میں لائی گئی تھی ملزم عبدالنعیم بھٹو پر بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔