بھارت سے الیکشن کے بعد مذاکرات شروع ہونے کی توقع ہے: وزیراعظم

Last Updated On 26 April,2019 06:47 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ کی صورت میں پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے، پاک چین کوریڈور منصوبے کی بدولت دوسرے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کا سوچ رہے ہیں، چین کےتعاون سے گوادر بڑا تجارتی مرکز بن گیا۔ بھارت سے الیکشن کے بعد مذاکرات شروع ہونے کی توقع ہے.

عمران خان نے پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی جانب سے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی کئی جہتیں ہیں، چین دنیا میں تیزی سے ترقی کرتی معیشیت اور پاکستان کا آزمودہ دوست ہے۔ چین نے گزشتہ 30 برس میں تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کیں، پاکستان غربت میں کمی کیلئے چین سے سیکھنا چاہتا ہے جس کیلئے چین کی حکومت کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی کےحوالے سے ایسوسی ایشن کی کوششوں کا معترف ہوں۔

اپنے خطاب میں انھوں نے سی پیک کے حوالے سے کہا کہ سی پیک پر پورا پاکستان متفق ہے، پاک چین کوریڈور منصوبہ پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ گوادر پورٹ اب بڑا تجارتی مرکز بن چکا بڑا جس کی تعمیر میں چین نے بھرپور تعاون کیا۔ ہمسائیوں سے اچھے تعلقات سے معیشت مضبوط ہو گی، افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں، سی پیک کی وجہ سے کئی ممالک سرمایہ کاری کا سوچ رہے ہیں۔ بھارت سے الیکشن کے بعد بات چیت کا عمل شروع ہونے کی توقع ہے۔
 

Advertisement