راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج نے افغان سرحد پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، متعدد دہشتگردوں کو ٹھکانے لگانے کے دوران 3 پاکستانی اہلکار شہید اور 7 زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب پاک فوج کے جوان باڑ لگانے میں مصروف تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوران فوجی جوانوں پر 60 سے 70 دہشتگردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں متعدد دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملہ شمالی وزیرستان میں الواڑہ کےمقام پر کیا گیا جس کا پاک فوج کے جوانوں نے جوانمردی سے مقابلہ کیا اور متعدد دہشتگرد ہلاک کر دیئے، حملہ اس وقت کیا گیا جب پاک فوج کے جوان باڑ لگانے میں مصروف تھے۔
پاک فوج کے ادارہ برائے تعلقات عامہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغان سیکورٹی فورسز اپنے علاقوں پر موثر کنٹرول قائم کریں تاکہ اسطرح کے واقعات پیش نہ آئیں، جو دونوں ملکوں کی سلامتی کیلئے نقصان دہ ہیں۔ پاکستان سرحدی علاقے کی اپنی حدود میں دہشتگردوں کی آمدورفت روکنے کیلئے باڑ اور قلعے تعمیر کر رہا ہے جس کا پاکستان پورا حق رکھتا ہے۔