راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نیوٹیک کا مقصد پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ہنر مند افرادی قوت اور صنعت کے لیے بلند کردار قیادت تیار کرنا ہے۔
آرمی چیف نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور دو سال کی مختصر مدت میں کلاسز کے اجراء پر انتظامیہ کی کار کردگی کو سراہا۔ اساتذہ اور طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نیوٹیک کا مقصد پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ہنرمند افرادی قوت اور صنعت کے لیے بلند کردار قیادت تیار کرنا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیوٹیک کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ یونیورسٹی اور صنعتی شعبے کے درمیان موثر تعلق کی بھی تعریف کی۔ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں 30 ہزار سے 50 ہزار تک طلباء تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ آرمی چیف نے نیوٹیک کے پہلے کیمپس کی تعمیر میں ایف ڈبلیو او کے کردار کو بھی سراہا۔