بحرینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقات

Last Updated On 09 April,2019 05:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ نے دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں بحرین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دیں۔ بحرین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
 

Advertisement