'بھارت مقبوضہ کشمیر، اسرائیل فلسطین میں عالمی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے'

Last Updated On 09 April,2019 12:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کی موجودہ قیادت انتخابات میں کامیابی کے لئے اپنے عوام کو گمراہ کر رہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر جب کہ اسرائیل فلسطین میں عالمی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کے انتخابات میں کامیابی کیلئے دونوں ممالک کی قیادت اپنے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر کے عالمی قوانین کامذاق اڑا رہی ہے جبکہ اسرائیل کے فلسطین میں مظالم سلامتی کونسل کی قراردادوں کا منہ چڑا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے رہنما ووٹ حاصل کرنے کیلئے عالمی قوانین اور اپنے آئین کو توڑتے ہیں، وہاں کے عوام اخلاقی دیوالیہ قیادت کیخلاف اٹھتے کیوں نہیں ؟ عوام یہ نہیں سوچتے کہ الیکشن جیتنے کیلئے ان کے لیڈر کیا کیا کر رہےہیں۔

 یاد رہے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اگلے عام انتخابات کے لیے اپنے منشور میں روایتی انتہا پسندی کی پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے کشمیریوں کے خصوصی حقوق ختم کرنے اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

Advertisement