ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت بتائے راتوں رات تبدیلی کیوں لائی گئی؟ مسلم لیگ (ن) کے لوگ بھی تبدیلی سے لاعلم تھے۔ ابھی کنفوژن ہے چند دنوں بعد دور ہو جائے گی۔ شہباز شریف بظاہر کہہ رہے ہیں واپس آ جائینگے اگرشہبازشریف کو لیڈرآف دی اپوزیشن صحت اجازت دیتی ہے تو پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کیوں نہیں؟
وزیر خارجہ نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگوں نے کہا گینگ آف فور تمام فیصلے کر رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ بھی کہہ رہے ہیں رانا تنویر حسین کی نامزدگی پر مشاورت نہیں کی گئی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں استحکام سے پاکستان کو بھی فائدہ ہو گا۔ قبائلی محب وطن اور ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ 70 سال کی جنگ میں قبائلیوں کومشکلات کا سامنا رہا۔ کچھ شخصیات کیخلاف اداروں کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ کچھ لوگوں نے ’’را‘‘ این ڈی اے سے پیسے لیے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین ہمارا دوست ہے۔ ہمارے دشمن افواہیں پھیلاتے ہیں۔ مولانا مسعود اظہرکے لیے بھارت نے جوجال بنا اس میں آج خود پھنس گیا ہے۔ بھارت اور ایجنسیوں کے پروپیگنڈے پرتوجہ نہ دی جائے۔ پلوامہ واقعے پربھارت نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔
اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے تحفظات پر سوال کے جواب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کا واضح بیان آ چکا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ اگر اعتراض ہوتا تو بلدیاتی قانون پر ووٹ کیوں دیتے۔