اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز نے چائنیز مردوں کی پاکستانی خواتین سے شادیوں پر وزارت خارجہ سے بریفنگ طلب کرلی۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز نے پاکستانیوں کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کا اجلاس چئیرمین کمیٹی سینیٹر ہلال الرحمان کے زیر صدارت ہوا۔ سینیٹر صابر شاہ نے معاملہ کمیٹی میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج کل میڈیا پر چائینیز مردوں کی پاکستانی خواتین سے شادی کی خبریں بہت آ رہی ہیں، سنا ہے ان شادیوں کے بعد پاکستانی خواتین کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا۔
اس پر چئیرمین کمیٹی نے کہا این کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، تاثر ہے عالمی سطح پر تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے، تعلقات ٹھیک رکھنے کیلئے بچیوں کے ساتھ زیادتی درست نہیں ہے۔ چئیرمین کمیٹی نے اس معاملے پر خارجہ حکام سے بریفنگ طلب کر لی۔
ڈی جی سمندر پار پاکستانیز نے کمیٹی کو بتایا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ون ونڈو آپریشن کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات ملیں گی۔
سمندر پار پاکستانیوں کو او پی ایف آفس میں پاسپورٹ اجرا کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے او پی ایف آفس میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی تیاری کی منظوری دیدی ہے۔