اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت سلیکٹڈ اپوزیشن چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کے پرامن کارکنوں پر تشدد کیا گیا، حکومت علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرے۔
بلاول بھٹو نے اپوزیشن اراکین کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نے کسی اپوزیشن رکن کو بولنے نہیں دیا، آج پارلیمان میں جو ہوا وہ جمہوریت نہیں آمریت تھی، کچھ دن پہلے اسلام آباد کی سڑکوں پر لاٹھی چارج ہوا، ہماری 2 خواتین ارکان کو گرفتار کیا گیا، پر امن کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کارکنوں نے پر امن احتجاج کیا، حکومت نے ہمیشہ کی طرح اسمبلی سے راہ فرار اختیار کی، خواتین پر جو حملہ کیا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جج صاحبان کیخلاف ریفرنس واپس لے۔