اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان سازش کے ذریعے ون پارٹی رول لانے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعظم نالائق اور نااہل ہیں، تشدد اعجاز شاہ کا پرانا طریقہ ہے، قانونی کارروائی کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمیں یہ سلیکٹڈ حکومت نامنظور ہے، عید کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے، معیشت اور نیب ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، موجودہ حکومتی رویہ پرویز مشرف والا ہے۔ انہوں نے کہا نیب پر ہزاروں تحفظات ہیں، حکومت نیب کو دھمکی سے چلا رہی ہے، عمران خان ریاست کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا اسپیکر وضاحت کریں ایک رکن کی گرفتاری کیسے عمل میں آئی ؟ وزیرستان سے متعلق معلومات اپنے ذرائع سے لے رہے ہیں، وزیرستان معاملے کے بعد حکام کہاں ہیں ؟ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیوں غائب ہیں ؟ ہمیں پتہ ہونا چاہیئے چیک پوسٹ پر کیا ہوا ؟ جمہوریت سے ہی وفاق مضبوط ہوتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کارکنوں پر لاٹھی چارج ہوا، آنسو گیس کے شیل استعمال کیے گئے، ہم ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، رمضان میں خواتین کو گرفتار کیا گیا، کیا یہ مدینہ کی ریاست ہے ؟ ہماری خواتین ایم این ایز کو فوری رہا کیا جائے۔