لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نیب کو بلیک میل کر کے کنٹرول کرنا چاہتی ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی کے چینل پر ویڈیو کی مذمت کرتا ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کا قانون آمر کا بنایا ہوا کالا قانون ہے۔ نیب کا قانون ایسا ہے فرشتہ بھی لگایا جائے تو بھی انتقامی کارروائی ہو گی۔ چیئر مین نیب کے انٹرویو سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں وزیراعظم عمران خان بلیک میلنگ کی سیاست کر رہے ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ حکومت کی نا اہلی ہے، حکومت ٹیکس ریونیو اکٹھا میں ناکام رہی ہے، حکومتی نالائقی کا بوجھ عوام برداشت کر رہے ہیں، معیشت کے حوالے سے حکومت کی کوئی سمت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرکسی وفاقی وزیرنے ایچ آئی وی کے بارے خوف پھیلایا ہے تو ایسے وزرا کو ہٹایا جائے، خان صاحب اگرانسانیت پریقین رکھتے ہیں توان کوایسے وزرا کیخلاف ایکشن لینا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔ ایچ آئی وی کے متاثرہ افراد کے نام میڈیا پرنہ لائے جائیں۔ ہم سب نے ملکرایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کا ساتھ دینا ہے۔ دوسری جماعتوں سے بھی مدد مانگتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آگاہی مہم چلانا ہو گی۔ متاثرہ افراد کے نام میڈیا پر لانے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ لاڑکانہ، رتوڈیرو میں ایڈز سے متعلق خوف پھیلایا جا رہا ہے۔ متاثرہ افراد کے نام میڈیا پر لانے کوبرداشت نہیں کرینگے۔ یہ بیماری کوئی سزائے موت نہیں اس کا علاج ہو سکتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کوتنہا نہیں چھوڑسکتے، صحت کوسیاست سے بالاترہونا چاہیے۔ ایچ آئی وی، ایڈز بارے آگاہی مہم چلانی ہو گی۔ ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز دن رات محنت کر رہے ہیں۔