اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زداری کو 24 مئی کو پارک لین کیس میں طلب کیا تھا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیب نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ بلاول نے 20 مئی کو سمن وصول کرنے سے انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے کراچی رہائشگاہ سے نیب نوٹس وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے واپس بھجوا دیا ہے۔ خیال رہے کہ نیب نے بلاول بھٹو کو 24 مئی کو اسلام آباد میں پارک لین کیس میں طلب کیا ہے۔
ادھر مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کی جانب سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔ جب بھی نوٹس موصول ہوگا، ماضی کی طرح تعمیل کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے۔
ادھر جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی وکلا سے مشاورت کے بعد نیب کے روبرو پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اسلام آباد سے کراچی روانہ ہو گئے ہیں۔ نیب نے انھیں کل اسلام آباد اولڈ ہیڈ کوارٹرز کو 23 مئی گیارہ بجے طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے۔