لاہور: (دنیا نیوز) معاشی بحران، مہنگائی اور آئی ایم ایف کا معاہدہ حکومت کے خلاف دھرنا یا مارچ، مظاہرے یا جلسے، کیا کیا جائے؟ متحدہ اپوزیشن کا حکومت کے خلاف باضابطہ اجلاس آج ہو گا۔
دنیا نیوز کے مطابق چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج اپوزیشن رہنماؤں کو افطار ڈنر دیں گے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز افطار ڈنر کیلئے پہلی بار زرداری ہاؤس آئیں گی۔ ان کے ساتھ حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، سینیٹر پرویز رشید بھی ہوں گے۔ مریم نواز کو دعوت دینے کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔ افطار ڈنر کے نام پر پہلی بار اپوزیشن جماعتیں ایک چھت تلے جمع ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے اجلاس کی میزبانی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کریں گے، مریم نواز کے استقبال کے لئے بلاول بھٹو کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو بھی ہمراہ ہونگی۔ پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے تمام ارکان اجلاس میں موجود ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی اپنے جماعتوں کے وفود کی سربراہی کریںگے، محمود اچکزئی، اختر مینگل، آفتاب شیرپاؤ اور اویس نورانی کی شرکت بھی متوقع ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران معاشی بحران سمیت آئی ایم ایف کا قرضہ اور دیگر معاملات زیر غور آئیں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات و گیس کی قیمتوں میں اضافے اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اجلاس کے بعد میزبان اور سیاسی قیادت ایک ساتھ میڈیا بریفنگ بھی دے گی۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو چند نکات پر متفق کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت مخالف تحریک کن نکات پر چلائی جائے اس پر بھی بات کی جائے گی۔ پپپلزپارٹی جنوبی پنجاب بہاولپور صوبے کا پرانا بل منظور کرانے کیلئے ن لیگ سے مدد مانگے گی۔