اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مصروفیات کے سبب 17 مئی کو نیب ہیڈ کوارٹرز پیش ہونے سے معذرت کر لی، آئندہ ہفتے بلاوا بھیجنے کے لیے نیب کو خط ارسال کر دیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی طلبی کے نوٹس پر سترہ مئی کو پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے پارک لین کیس کی انکوائری کے نوٹس کے جواب میں بتایا کہ وہ اپنی مصروفیات کے سبب سترہ مئی کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پیش نہیں ہو سکتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے نیب سے درخواست کی کہ وہ آئندہ ہفتے کسی تاریخ پر پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔ اس حوالے سے مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آٹھ مئی کو جاری ہونیوالا نیب نوٹس تاخیر سے تیرہ مئی کو موصول ہوا تھا۔ بلاول بھٹو تمام سوالات کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔