مری: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مری میں ڈولفن فورس تعینات کر دی گئی، ڈولفن فورس نے پٹرولنگ شروع کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان ڈار نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو مری میں ڈولفن فورس کی فوری تعیناتی کے لئے ہدایات جاری کی تھیں جس پر آج سے ڈولفن فورس نے پٹرولنگ شروع کر دی، ڈولفن فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ایکشن لے گی اور سٹریٹ کرائم کے سدباب کے لئے بھی فرائض سرانجام دے گی۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مری میں سیاحوں اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ڈولفن فورس تعینات کی گئی ہے-فورس کی تعیناتی سے سیاحوں اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھے گا-
وزیراعلیٰ نے مری میں اوور چارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کے بارے میں شکایات کابھی نوٹس لیا ہے اور انتظامیہ کو سیاحوں کی شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیاحتی مقامات پر اوورچارجنگ کرکے سیاحوں کو لوٹنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئندہ اوورچارجنگ کی شکایت ملی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے مری میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہےکہ بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے۔