لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مرحلہ وار پروگرام کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کی جانب سے بارڈر ملٹری پولیس کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، بھرتیاں میرٹ پر ہونگی۔ راجن پور اور لیہ میں زچہ و بچہ ہسپتال بنیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے حلقوں کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کیلئے موقع پر ہی احکامات دیے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں ہونگے، جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے۔ انہوں نے دریائے سندھ کے کٹاؤ کے باعث لیہ اور راجن پور کے بعض علاقوں کو بچانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مظفر گڑھ میں سڑکوں کی دیکھ بھال کے فنڈ کے غلط استعمال کی شکایت پر انکوائری کا حکم بھی دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کیلئے وسائل فراہم کریں گے۔ ڈویژن میں ضرورت کے مطابق ریسکیو 1122 کے سٹیشن قائم کئے جائینگے۔
وزیراعلیٰ نے ایم ایم عالم روڈ کو کشادہ کرنے کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جبکہ نکلسن روڈ کو نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کے نام سے منسوب کرنے کے نوٹیفکیشن کے فوری اجرا کا حکم دیا۔