چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کیلئے اپوزیشن متحد ہے: بلاول بھٹو

Last Updated On 05 July,2019 08:44 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج حکومت کے بجائے اپوزیشن کی سیاست کر رہی ہے، ایسے میں حکومت کون چلائے گا؟

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے اٹھارہویں ترمیم ختم کرنے کے لیے کوششیں جا رہی ہیں۔ پوری پیپلز پارٹی اور میرے پورے خاندان کو جیل میں ڈال دیں لیکن اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

پشاور پریس کلب میں میٹ دی پریس میں اظہار خیال کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 1973ء کے آئین اوراٹھارہویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور اپنے موقف اور نظریات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو ذوالفقار علی بھٹو شہید نے سب سے زیادہ حصہ دیا تھا۔ آج ہم این ایف سی میں ناصرف حصہ بلکہ ان کے حقوق کے لئے بھی لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ حکومت صوبوں کو این ایف سی پر لڑانا چاہتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ سینیٹ کے چیئرمین کی تبدیلی کے لیے اپوزیشن متحد ہے۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم میں حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ ہو رہا ہے جمہوریت نہیں ہے۔ آج پارلیمان کے پاس طاقت نہیں، ہم انسانی حقوق پر سمجھوتہ کرتے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنا پڑے گی۔