فرض کی خاطر جان نچھاور کرنیوالے کیپٹن ریٹائرڈ سید احمد مبین شہید کو قوم کا سلام

Last Updated On 04 August,2019 10:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یوم شہدا پر فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے بہادر سپوت سابق ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کو بھی قوم کا سلام، کیپٹن احمد مبین نے 13 فروری 2017ء کو لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔

فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والوں میں ایک بڑا نام پولیس کے جانباز افسر سابق ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین کا ہے۔

قوم کے اس بہادر سپوت نے 13 فروری 2017ء کی شام چیئرنگ کراس کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے میں جام شہادت نوش کیا۔

کیپٹن احمد مبین اس سوچ، فکر اور ایسے مشن کی حامل شخصیت تھے، شہادت جن کی آخری منزل ہوا کرتی ہے۔

قائدانہ صلاحیتوں سے مالا مال کیپٹن (ر) مبین دوا ساز کمپنیوں کے احتجاج کے دوران مظاہرین سے مذاکرات کیلئے پہنچے تھے تاکہ شہر کی مصروف ترین شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا جائے، عین اسی وقت دھماکا ہوگیا۔

سید احمد مبین کا تعلق کوئٹہ سے تھا لیکن انہوں نے سروس کا زیادہ وقت پنجاب میں گزارا۔

وطن کی سرحدوں کی حفاظت کا شوق انہیں فوج میں لے گیا لیکن سی ایس ایس کے بعد وہ پولیس میں آ گئے۔ شہید نے بلوچستان میں کئی کامیاب آپریشنز میں حصہ لیا۔

اپنی شہادت سے چند روز پہلے کیپٹن (ر) احمد مبین نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ان کی سوچ کی سو فیصد عکاسی نظر آتی ہے۔