لاہور: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ایل او سی کی صورتحال پر سیاسی جماعتوں نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سب کو یک زبان ہو کر بھارتی ریاستی دہشتگردی کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے، ہم ایک زندہ قوم ہیں، پوری طاقت کیساتھ ہم پاک فوج اور پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر تمام سیاسی قیادت کو یک زبان ہو کر بھارتی دہشت گردی کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ملکی سلامتی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہونے کا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مودی ایک دہشتگرد لیڈر ہے جس نے 300 ممبرز ہونے کے باوجود کسی مسلمان کو سیٹ نہیں دی اور نا ہی ووٹ مانگا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ہوش کے ناخن لے، کشمیریوں پر ظلم بند کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سید علی گیلانی کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہم خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کا ساتھ دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ 70 سال سے بھارت کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدوجہد کچلنے کی کوشش کر رہا ہے، انشاء اللہ بھارت کے یہ ارادے خاک ہو جائیں گے۔