سرینگر: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان اور مقبوضہ جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سٹاف کو جلد سے جلد وادی چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا.
جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو افسر سید اشفاق حسین بخاری نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ عرفان پٹھان اور دیگر تمام سٹاف کو وادی چھوڑنے کیلئے کہا گیا تھا، انہوں نے تصدیق کی کہ جو بھی سلیکٹرز وادی سے تعلق نہیں رکھتے ہیں، انہیں اپنے گھر جانے کا کہہ دیا گیا ہے۔
سید اشفاق حسین بخاری نے کہا کہ کیمپ میں موجود جموں کے تقریباً 102 کھلاڑیوں کو واپس گھر بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حالات کشیدہ ہیں، ہمیں نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے، اس لئے ہم نے کرکٹ کے پروگرام کو آگے کیلئے ملتوی کر دیا ہے اور واپس شروع کرنے کیلئے صحیح وقت کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔