اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت نے ہر گھر کے باہر 10 فوجی کھڑے کر دیئے، کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ہمیں ملکر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کی مذمت کرنی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کشمیر کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، آج بحیثیت قوم کشمیری عوام کو یکجہتی کا پیغام دینا ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے، ہمارے جسم میں لہو بن کے دوڑتا رہے گا، پاکستان کا بچہ بچہ سمجھتا ہے پاکستان کشمیر کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کشمیر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی اختلاف نہیں، اعظم سواتی نے قرارداد میں بھارت کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا تھا، قرارداد پارلیمنٹ کی خواہش کی عکاس ہوگی۔