اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے ہنڈی حوالہ کے ذریعے مال باہر بھجوایا، مریم نواز کی ٹرانزیکشن کی دستاویزات سامنے آگئی ہیں، حمزہ اور سلمان شہباز کا سارا معاملہ ٹی ٹیز پر کھڑا ہے۔
معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جعلی بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے آج ایک اور پلی بار گین ہوئی، ماضی میں ٹی ٹی کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی، منی لانڈرنگ کرنیوالوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، ماضی میں عوام کو بے دردی سے لوٹا گیا، شہباز شریف صاحب اور فیملی کی ٹی ٹی سامنے آئی، شہباز شریف اور بچوں کے اثاثے ٹی ٹی کے ذریعے بنے، لندن کی عدالتوں میں جانے کا منتظر ہوں۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا آج بھی ایک ٹی ٹی لے آیا ہوں، شاید وہ مجھے عدالت لے جائے،90 کی دہائی میں ایک خاندان اقتدار میں آیا اور ٹیکس کے حوالے سے ایک قانون بنایا کہ پوچھ گچھ نہیں ہوسکتی، شریف خاندان نے ہنڈی حوالہ کے ذریعے مال باہر بھجوایا، حمزہ اور سلمان کا سارا معاملہ ٹی ٹیز پر کھڑا ہے، ٹی ٹیز سے متعلق تمام کیسز نیب کو بھجوا رہے ہیں، توقع ہے کہ نیب اس بارے میں تحقیقات اور قانونی چارہ جوئی کریگی۔