قومی اسمبلی میں ارکان کی عدم دلچسپی، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

Last Updated On 02 August,2019 02:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) منتخب عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث قومی اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی ملتوی کر دیا گیا۔ تحریری سوالات کے جواب میں وزارت صحت نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں ایڈز کے 1 لاکھ 65 ہزار مریض ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا۔ وزارت ریلوے نے موجودہ دور حکومت میں ہونے والے ریلوے حادثات کی رپورٹ پیش کی۔ 11 ماہ کے دوران 74 ٹرین حادثات ہوئے، 20 مال بردار اور 19 مسافر گاڑیاں پٹڑی سے اتریں، آگ لگنے کے 3 واقعات کے علاوہ بغیر عملے تعیناتی والے ریلوے پھاٹک پر 20 حادثے بھی پیش آئے۔

وزارت صحت نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان میں ایڈز کے 1 لاکھ 65 ہزار مریض ہیں، پنجاب میں 12 ہزار 202، سندھ میں 6 ہزار 867، کے پی میں 2 ہزار 4، وفاق 2 ہزار 424 اور بلوچستان میں 834 ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز میں ہی مسلم لیگ ن کے رکن شیخ فیاض الدین نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس سوموار 4 بجے تک ملتوی کر دیا۔
 

Advertisement