اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اعلیٰ سطح امریکی وفد کے ہمراہ 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئی۔ پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کو مسترد کئے جانے سے متعلق امریکی وفد کو آگاہ کرے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز رات گئے پانچ روزہ دورہ پر پاکستان پہنچیں، ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح امریکی وفد بھی ہے۔ ایلس ویلز کے دورے میں سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں اور وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں حصہ لیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کو مسترد کئے جانے سے متعلق امریکی وفد کو آگاہ کیا جائے گا۔ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن وسلامتی کو درپیش خطرات بارے بات ہوگی۔ پاکستان لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال کے معاملہ کو بھی اٹھائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت پر کلیدی گفتگو ہو گی، علاقائی امن و سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے۔ ایلس ویلز کے دورے کا مقصد پاک، امریکا تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔