لاہور: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی خود مختاری ختم کرنے پر مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت اس غیر قانونی اقدام کو واپس لے اور مسئلہ کشمیر اہل کشمیر کی رائے کے مطابق ہی حل کیا جائے۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی ممبر پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کر ائی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان کشمیر کی خود مختاری ختم کرنے کے بھارتی اقدام کی پر زور مذمت کرتا ہے، اس اقدام کو بھارتی تعصب اور کشمیریوں سے دشمنی قراردیتا ہے، بھارت کا یہ اقدام بین الااقوامی قوانین اور سفارتی تقاضوں کے منافی ہے، پوری دنیا اس بھارتی اقدام کی مذمت کرتی ہے۔
قراراداد میں کہا گیا کہ اس اقدم سے قبل بھارتی فوج نے وادی نیلم میں کلسٹر بم جیسے مہلک ہتھیاروں کا استعمال کیا، کلسٹر بم کے حملے سے دو معصوم شہری شہید ہوئے جن میں ایک چار سالہ بچہ بھی شامل تھا۔ کلسٹر بم کے حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے، مہلک ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی نہ صرف خلاف ورزی ہے بلکہ بھارت کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کریں گے، پاکستانی عوام متحد ہو کر بھارتی سازشوں کا مقابلہ کریں گے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت اس غیر قانونی اقدام کو واپس لے اور مسئلہ کشمیر اہل کشمیر کی رائے کے مطابق ہی حل کیا جائے۔