لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، اٹک میں سڑک پر پانی آگیا، گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، داؤد خیل میں بھی گلیاں پانی پانی ہوگئیں۔
اٹک میں بھی تیز بارش کا سپیل چلا جس سے ندی نالے بپھر گئے، سیلابی پانی بسال روڈ پر آگیا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، کوئی ادھر تو کوئی ادھر رہ گیا، لوگ پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔
داؤد خیل میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گلیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ شیر شاہ سوری روڈ اور بہرام خیل روڈ پر بھی تاحد نظر پانی ہی پانی ہے۔ کالا باغ میں بھی سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں، برساتی نالے کا پانی بھی شہر میں داخل ہوگیا۔ میانوالی، کلور کوٹ، بھکر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور حبس میں بھی کمی آگئی۔
مسلسل بارش کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق جناح بیراج پر اس وقت پانی کی آمد 3 لاکھ 32 ہزار 518 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 24 ہزار 518 کیوسک ہے۔ دوسری طرف موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج لاہور، گوجرانوالہ، اسلام آباد راولپنڈی، مردان، پشاور اور کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔