موبائل ایپ 'قیمت پنجاب' میں اشیا کے نرخ غلط ہونیکا انکشاف

Last Updated On 03 August,2019 09:28 am

لاہور: (صبغت اﷲ چودھری) حکومت پنجاب کی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کیلئے متعارف کروائی گئی ڈیجیٹل موبائل ایپ 'قیمت پنجاب' میں اشیاء کے نرخ غلط ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ قیمت پنجاب موبائل ایپ میں درج بنیادی اشیائے ضروریہ کے نرخ پرچون اور تھوک مارکیٹ تو درکنار کمپیوٹرائزڈ سرکاری نرخنامے سے بھی مطابقت نہیں رکھتے۔

قیمت پنجاب ایپ اور سرکاری نرخنامے کا تقابلی جائزہ لینے کے بعد انکشاف ہوا کہ دونوں میں درج 17 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 10 اشیاء کے نرخ سرکاری نرخنامے سے 23.13 فیصد یا 31 روپے تک کم ہیں، دال ماش دھلی کی ایپ میں درج قیمت 134 روپے جبکہ سرکاری نرخنامے میں 165 روپے ہے جو 31 روپے کم ہے۔

اسی طرح دال مسور کی قیمت ایپ میں 94 جبکہ سرکاری ریٹ میں 95 روپے درج ہے، جبکہ قیمت ایپ میں دال چنا کی قیمت 110 کی بجائے 106 روپے، باسمتی چاول 150 کی بجائے 130 روپے اور سفید چنے کی قیمت 98 کی بجائے 105 روپے ہے۔

اسی طرح دال مونگ دھلی کی قیمت 139 روپے درج ہے جو سرکاری نرخنامے سے 26 روپے یعنی 18.71 فیصد کم ہے جبکہ بیسن 108 روپے فی کلو کی بجائے 104 روپے درج ہے، سب سے اہم غلطی نان کے حوالے سے کی گئی، قیمت پنجاب ایپ میں 120 گرام وزن کے نان کی قیمت 10 روپے ہے تاہم ضلعی انتظامیہ اور نان روٹی ایسوسی ایشن کے مابین طے شدہ نرخوں کے مطابق بھی نان 12 روپے کا ہے، اسی طرح آٹے کا 20 کلو گرام کا تھیلا قیمت پنجاب ایپ میں 760 روپے درج ہے جو سرکاری نرخنامے کے مطابق 780 ہے۔
 

Advertisement