لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس کے ترجمان وسیم بٹ کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں سنگین سمیت مختلف جرائم میں کمی آئی ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 2019ء میں راہزنی کے واقعات میں کمی آئی، راہزنی کے واقعات ماہانہ 589 سے کم ہوکر 343 ہوگئے، انسداد منشیات مہم کے دوران ایک ہزار 643 مقدمات درج ہوئے۔
وسیم بٹ کا مزید کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ایک ہزار 655 منشیات فروش گرفتار ہوئے، رواں سال کے دوران کیٹیگری اے اور بی کے ایک ہزار 379 اشتہاری گرفتار کئے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کا مزید کہنا تھا کہ 2018ء کے دوران اشتہاریوں کی گرفتاری کی تعداد 357 تھی، ایف آئی آر کے اندراج میں رکاوٹیں دور کی گئی ہیں۔ شہریوں کی طرف سے اندراج مقدمہ کی شکایات میں بھی نمایاں کمی آئی۔