لاہور: (روزنامہ دنیا) وزیر زراعت پنجاب نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ کپاس کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ کپاس کے بغیر زرعی معیشت کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ رواں سال کپاس کی کاشت اور پیداوار کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کو اہداف سونپ دئیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر زراعت سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اس دوران انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر ترقی پسند کاشتکار جہانگیر خان ترین نے اپنے تجربات کی روشنی میں بتایا کہ اگلا مہینہ سفید مکھی کے حملے اور اس کے موثر تدارک کیلئے اہمیت کاحامل ہے جن کاشتکاروں نے بروقت کنٹرول کیلئے صحیح ادویات کا انتخاب کیا وہ اپنی فصل سے بہترین پیداوار حاصل کریں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید بھی موجود تھے۔