لاہور: (دنیا نیوز) یوم شہداء پولیس کے حوالے سے سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے شہداء پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید سید احمد مبین کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سی ٹی او کیپٹن (ر) لیاقت علی نے کہا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہید سید احمد مبین کو سلامی پیش کی گئی، سپیشل دستے نے بینڈ بجایا جبکہ سی ٹی او کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے شہید احمد مبین کی قبر پر پھولوں کی چادر بچھائی۔
اس موقع پر شہید پولیس آفیسر سید احمد مبین کی والدہ بھی موجود تھیں، تقریب کے تمام شرکاء نے فاتحہ خوانی کی اور عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ تقریب کے اختتام پر سی ٹی او کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ کیپٹن (ر)احمد مبین شہید نے اپنی جان قربان کر کے پولیس کے نام کو بلند رتبہ دیا، تجدید عہد ہے کہ ہم اپنے شہدا کو نہیں بھولے، شہید کیپٹن (ر) احمد مبین آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، شہید احمد مبین کی خدمات سٹی ٹریفک پولیس کیلئے مشعل راہ ہیں۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ شہدا قوم و ملت کی سلامتی کو برقرار رکھنے کی روشن مثالیں ہیں، بزدلانہ کاروائیاں بھی ہمارے شیر جوانوں کے حوصلے پست نہ کر سکیں، سٹی ٹریفک پولیس میں فرائض سرانجام دینے والا ہر آفیسر و نوجوان شہیداحمد مبین کا سپاہی ہے، ہم شہریوں کے تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ایس پی ٹریفک سردار آصف خاں اور وارڈنز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔