فکس ٹیکس پر تحفظات، مشاورت کے بغیر مسودہ جاری کیا گیا: تاجر برادری

Last Updated On 02 August,2019 05:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انجمن تاجران پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بغیر فکس ٹیکس کا مسودہ جاری کیا گیا جس پر ہمیں تحفظات ہیں۔

انجمن تاجران پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملکی معیشت ہچکولے کھا رہی ہو تو ایسے اقدام مناسب نہیں ہیں۔ فکس ٹیکس سکیم ملک بھر کے 31 لاکھ ریٹیلرز سے سنگین مذاق ہے۔

جنرل سیکرٹری آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے نعیم میر، صدر مال روڈ سہیل محمود بٹ، صدر انجمن تاجران لاہور ملک امانت، صدر حفیظ سنٹر ملک کلیم، صدر شاہدرہ بورڈ میاں خلیل، صدر لٹن روڈ حافظ رضوان کا مزید کہنا تھا کہ دکانوں کے رقبے کے لحاظ ٹیکسیشن نہیں کی جا سکتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے تو 15 اور16 اگست کو ہونے والی ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے، پھر بھی ہمارے مطالبات پر نظر ثانی نہ ہوئی تو 25 اور 26 اگست کو ملک بھر میں کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔

انجمن تاجران پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم ٹیکس دینے کے خلاف نہیں ہیں، حکومت جو بھی پالیسی بنائے اس میں تاجروں سے مشاورت کی جائے تاکہ ہمارے تحفظات دور ہو سکیں۔
 

Advertisement