لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جہاں موسم دلفریب ہو گیا وہاں نشیبی علاقوں میں بڑی مقدار میں پانی بھی جمع ہو گیا، بجلی غائب ہونے سے حبس کے سبب شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہو گئے.
لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے تیز بارش نے ساون رُت کا مزہ دوبالا کر دیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہوا تو کچھ علاقوں میں گھروں کے اندر بھی داخل ہو گیا، شہریوں نے رات کمروں میں موجود قیمتی سامان پانی سے بچانے کی فکر کرتے گزار دی۔ بجلی غائب ہوئی تو حبس کے سبب شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختون خوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارش متوقع ہے۔ سندھ کے علاقوں سکھر، میرپورخاص میں بھی بارش کا امکان ہے۔