’قدرتی بہاؤ کے راستوں پر آبادیاں، اربن فلڈنگ کے خدشات بڑھ گئے‘

Last Updated On 31 July,2019 04:36 pm

پشاور: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ کراچی میں ندی نالوں کے ابلنے کی بڑی وجہ شاپنگ بیگ اور بوتلیں ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خطرات بڑھ چکے ہیں، قدرتی بہاؤ کے راستوں پر آبادیاں بنا دی گئیں ہیں، آنے والے وقت میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خطرات بڑھ چکے ہیں۔ پاکستان کلائمنٹ چینج میں دنیا کے 10 ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے۔ موسمیاتی تبدیلوں سے ہر سال ڈھائی ملین ڈالر کے نقصانات ہو رہے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں، قدرتی بہاؤ کے راستوں پر آبادیاں بنا دی گئیں ہیں۔ چترال میں گلیشئر کے معائنے کیلئے ٹیم رواں ہفتے کے آخرمیں جائے گی۔ 17 پوائنٹ ہیں جہاں گلیشئیر پھٹنے کے خدشات ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام نالے پلاسٹک بیگز اور بوتلوں سے بھرے ہیں، کراچی میں بارش اتنی نہیں ہوئی جتنا نقصان ہوا ہے، کراچی میں حکومت کو صفائی کرنی چاہیے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کو پانی کے بہاؤ کے راستوں میں آبادیوں کو ختم کرنے بھی ہدایت کی۔

 

Advertisement