اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے جولائی میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں، رپورٹ کے مطابق اب تک ملک بھر میں 68 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے یکم سے 28 جولائی تک کے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر میں 68 افراد جاں بحق اور 73 زخمی ہوئے، ترجمان کا کہنا تھا کہ ان میں سے پنجاب میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے، خیبر پختونخواہ میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوئے، آزاد جموں و کشمیر میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے، بلوچستان میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ خیبر پختونخواہ میں چترال سٹی اور گولڈن ویلی جانے والی روڈ ٹوٹنے کی وجہ سے بلاک ہے، بارشوں کے باعث کے پی میں تین پل سیلابی ریلے میں بہہ گئے، کے پی میں بارشوں کے باعث 400 گھروں کو نقصان پہنچا، کے پی میں تین بجلی گھروں کو نقصان پہنچا۔ بارشوں کے باعث آزاد جموں کشمیر لیسوا میں 120 گھروں، 39 دکانوں، سٹورز اور 2 مساجد کو نقصان پہنچا ہے۔