پنجاب میں شدید بارشیں، مختلف حادثات میں چھ افراد جاں بحق

Last Updated On 29 July,2019 12:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث چھتیں گرنے اور مختلف حادثات میں چھ افراد جاں بحق جبکہ 11 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بارش کے باعث سرگودھا کے علاقے سلانوالی کے چک نمبر 134 میں گھر کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی ہو گیا، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت انہیں ملبے سے نکالا۔

شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے چھتیں گرنے کے پانچ واقعات پیش آئے جس میں میں دس سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فیصل آباد میں سمندری روڈ پر بھی گھر کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ملبے تلے دب کر 6 بکریاں ہلاک ہوئیں۔

وزیر آباد کے علاقہ لنگیانوالی کے قریب 17 سالہ نوجوان پانی کے ریلے میں بہہ گیا۔ نوجوان عثمان دوستوں کے ساتھ سڑک کنارے جا رہا تھا کہ پاؤں پھسل گیا۔

ڈیرہ غازی خان کے کوٹ چھٹہ میں دریائے سندھ میں دو بچیاں نہاتے ہوئے ڈوب گئیں، ریسکیو ٹیموں نے بچیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے مسائل ہی مسائل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، پشاور اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

سیالکوٹ، قصور، چیچہ وطنی، حافظ آباد اور تاندلیانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے۔ گوجرانوالہ کے قریب وزیر آباد میں دھونکل مائنر کا بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی حاجی پورہ گاؤں میں داخل ہو گیا جس سے لوگوں کی بڑی تعداد محصور ہو گئی۔ امدادی ٹیموں نے 50 سے زائد افراد کو منتقل کردیا۔

 

ادھر تیز بارش کے باعث منگلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح میں بلند ہو گئی۔ انتظامیہ نے ڈیم میں نہانے اور کشتی چلانے پر پابندی عائد کر دی۔