اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش نے 2 انسانی جانیں لے لیں، گھر کی بیسمنٹ میں پانی بھرنے سے ماں اور ایک سالہ بیٹا جاں بحق جبکہ 7 افراد بیہوش ہو گئے۔
پولیس اور ریسکیو اہل کاروں کے مطابق پی ڈبلیو ڈی سوسائٹی سے متصل پولیس فاؤنڈیشن میں شدید بارش سے ایک گھر کی بیسمنٹ میں پانی بھر گیا جس میں 9 افراد سو رہے تھے۔ پانی میں ڈوب کر 30 سالہ سحرش فرحان اور اس کا ایک سالہ بیٹا شایان جاں بحق جبکہ باقی 7 افراد بیہوش ہو گئے۔
ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر خاتون اور کمسن بیٹے کی لاشیں نکالیں اور پمز ہسپتال منتقل کر دیں۔ گھر کے دیگر 7 افراد کو بحفاظت پانی سے نکال لیا گیا، تہہ خانے میں محصور ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی تھی، جن کی عمریں 3 سے 18 سال کے درمیان تھیں۔